روشنی: اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت نثار احمد عابد (فکر و نظر)

اللہ تبارک وتعالیٰ کا ہمارے اوپر بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمارے لئے بیشمار نعمتیں پیدا کی ہیں، جن سے ہم ارادی طور پر یا غیر ارادی طور پر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ بلکہ اس کے بغیر ہماری زندگی محال ہے۔ اس لئے ہمیں اپنے رب کا ہر وقت شکر ادا کرتے رہنا چاہیے۔

سورت الانبیاء آیت نمبر 33 میں ارشاد خداوندی ہے، “اور وہی ہے جس نے پیدا کیا رات دن سورج اور چاند کو۔ یہ سب کے سب اپنے اپنے مدار میں تیر رہے ہیں۔”

آپ ذرا سورج کی روشنی کو دیکھ لیں۔ یہ وہ نعمت ہے جو پوری دنیا کو منور کرتی ہے۔ یہ ہماری کھانے کیلئے فصلوں کے پکنے، بیشمار چھوٹے بڑے جراثیم کے خاتمے اور ہماری غذائی ضروریات کیلئے وٹامن ڈی کے حصول کا ذریعہ ہے جو کہ بہت بڑی نعمت سے کم نہیں۔

“پھر تم اپنے رب کی کون کون سے نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔” سورہ الرحمن۔

سورج کی روشنی کے بہت سارے فوائد ہیں یہ وٹامن ڈی جس کی ہم بات کر رہے ہیں یہ ہڈیوں اور پٹھوں کو مضبوط کرتی ہے۔ ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے خوشی کے ہارمونز کو متحرک کرتی ہے جس سے ذہنی تناؤ اور افسردگی میں کمی ہوتی ہے بلڈ پریشر اور دل کی صحت اچھی رہتی ہے۔ سورج کی قدرتی روشنی شریانوں کو صحت مند رکھتی ہے اور خون کے دباؤ کو کنٹرول کرنے میں بہت معاونت کرتی ہے۔ اس سے دماغ کے جسمانی گھڑی درست کرنے کا سگنل دیتی ہے جس سے رات کو پر سکون نیند آتی ہے اس سے ایک بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ قوت مدافعت میں حیران کن اضافہ ہوتا ہے

سورج کی روشنی میں گرمیوں میں صبح کے وقت بیٹھنا بہتر ہوتا ہے لیکن سردیوں میں دن گیارہ بجے سے تین بجے تک بیٹھنا مناسب ہوتا ہے۔

اب تو سولر انرجی سے اللہ تعالیٰ کے سورج کی روشنی کی اہمیت اور ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ دن کو دھوپ میں اور سائے میں اور رات کے وقت بھی دن کے وقت سولر سے جمع کی ہوئی انرجی کے بڑھتے ہوئے رجحان اور استعمال سے کون بے خبر ہے۔ دن کوبھی موجیں اور رات کو بھی موجیں۔

کنول کا پھول اور اس طرح کے اور پھول اور کئی ایک پتے سورج کی روشنی کے ساتھ کھلتے ہیں اور سورج کی روشنی ختم ہونے پر بند ہو جاتے ہیں۔

آجکل سولر انرجی کے کمالات اور ضرورت بڑھ رہی ہے اور نہ معلوم مستقبل میں اس سورج کی روشنی سے رات کو بھی کیا کیا فوائد حاصل کیے جائیں گے بلکہ ان پر ہماری زندگی کا انحصار ہو جائے گا یا یوں کہیے کہ انحصار کرنا پڑے گا۔

چاند کی روشنی کے بھی بہت سے فوائد ہیں اور جدید سائنس کی ترقی نے ان میں اضافہ کیا ہے اور قدرت کی نعمتوں کے متعلق بہت ساری گرہیں وقت کے ساتھ ساتھ کھلتی جائیں گی۔ چاند کی روشنی کے فوائد کے حوالے سے جب غور کرتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ اس کی روشنی سے ذہنی سکون ملتا ہے۔ ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے۔ نیند میں بہتری آتی ہے نیند کا دورانیہ اور معیار بہتر ہوتا ہے۔ اس سے سکون اور تازگی حاصل ہوتی ہے۔ چاند کی روشنی میں وقت گزارنے سے منفی جذبات کا خاتمہ ہوتا ہے اور روحانی تازگی ملتی ہے رات کے وقت سفر کرنے اور زراعت اور شکار کرنے کے لیے چاند کی روشنی بنیادی رہنمائی کا کردار ادا کرتی ہے۔

چاند کی روشنی کے فوائد بارے مزید بھی اپنے تجربے سے بتاتا ہوں۔ یہ سن انیس سو ساٹھ پینسٹھ کی بات ہے۔ مجھے یاد آ رہا ہے جب سائنس کی ترقی اتنی زیادہ نہ تھی جتنی آج ہے۔ ہم نے اپنے بچپنے میں دیکھا کہ ٹریکٹر کا استعمال ابھی شروع نہیں ہوا تھا لوگ بالخصوص گرمیوں میں چاند کی روشنی میں ہل چلاتے تھے۔ سورج نکلنے تک بہت زمین تیار کر چکے ہوتے تھے۔ سورج گرمی اور تپش کے ساتھ نمودار ہوتا تھا۔ اس وقت تک چاند کی روشنی میں ہل چلا چلا کر بیل اور کسان دونوں تھک جاتے تھے۔ اب وہ جانوروں کو سائے میں باندھ دیتے تھے، انھیں پانی اور خوراک دیتے تھے۔ بجلی تو ہوتی نہیں تھی تو ہم طالب علم رات کو چاند کی روشنی میں پڑھتے تھے۔

ستاروں کی روشنی کے بھی بہت سے فوائد ہیں ان کی روشنی سے رات کو متحرک ہونے والے جانوروں اور کیڑوں کو خوراک تلاش کرنے میں مدد ملتی ہے۔ سائنس دان مشاہدہ کیا کرتے ہیں۔ ان کی روشنی کا تجزیہ کر کے سائنسدان عمر، درجہ حرارت اور دوری کا اندازہ لگاتے ہیں۔ آسمان تلے چمکتے ستاروں کی روشنی میں وقت گزارنا ذہنی تناؤ کو کم کرتا ہے اور انسان میں فطری تجسس پیدا کرتا ہے جس کی آج کے دور میں ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے۔

آخر میں یہی دعا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی دوسری بہت سی نعمتوں کے ساتھ ساتھ سورج، چاند اور ستاروں کی روشنی جیسی نعمتوں پر زیادہ سے زیادہ شکر ادا کریں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

0